کراچی : شہرقائد میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا، گلبہار کا رہائشی غلام مصطفی اپنی بیٹی کو کوچنگ لینے جارہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کہیں ڈکیتی مزاحمت پر قتل تو کہیں زخمی ہونے کے واقعات سامنے آرہے ہیں اور پولیس جرائم پیشہ افراد کے سامنے بے بس ہوگئی ہے۔
کراچی میں پرانی سبزی منڈی الہلال سوسائٹی کے قریب اسٹریٹ کرمنلز نے ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کردیا ، چار بیٹیوں کے باپ غلام مصطفی کو اسٹریٹ کرمنلز نے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنی بیٹی کو لینے کوچنگ سینٹرجارہا تھا۔
مقتول کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا کہ زخمی غلام مصطفی کو اسٹیڈیم روڈ پر آدھا کلومیٹرقریب اسپتال منتقل کرنے کے بجائے 10 کلومیٹر دور جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑگیا۔
ڈکیتی مزاحمت پر شہری کے قتل کا واقعہ پی آئی بی تھانے میں ریاض نامی شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن میں کہا ہے کہ شہری کو گولی مارنے سے قبل ہی ملزمان نے 3شہریوں کو لوٹا تھا، یونیورسٹی روڈ پر بیٹھے تھے کہ موٹر سائیکل پر 2ملزمان آئے اور اسلحہ نکال لیا، ملزمان نے ہم تینوں سے موبائل فون چھینا اور فرار ہوگئے۔
مقدمے میں کہا گیا کہ ون فائیو مددگار پر ہم نے فون کیا اور نیو ٹاؤن تھانے چلے گئے، پتا چلا پولیس نے مقابلے کے بعد2ملزمان کو گرفتار کیا ہے، ملزمان کی تصویر دکھائی توپتا چلا یہ وہی ملزمان تھے جنہوں نے ہمیں بھی لوٹا تھا، پولیس نے ہمیں بتایا آپ کو جہاں لوٹا گیا وہ پی آئی بی تھانے کی حدود ہے، گرفتار ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
خیال رہے رواں سال اب تک 12 ہزار سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئی اور صرف 52 روز میں اب تک 22 شہری جرائم پیشہ عناصر کے ہاتھوں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔