پسند کی شادی کرنے والا ایک اور جوڑا قتل

پسند کی شادی

راجن پور: پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کو قتل کر دیا گیا اور ملزم فرار ہوگیا، افضل نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو نشانہ بنایا۔

تفصیلات کے مطابق راجن پور تھانہ محمد پور کی حدود میں افسوسناک واقعے میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کو گھر میں گھس کر قتل کر دیا گیا۔

پولیس نے بتایا افضل نامی ملزم نے عشہ نامی خاتون اور اس کے شوہر ثقلین کو 30 بور پستول سے فائرنگ کر کے قتل کیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ عشہ نے کچھ ماہ قبل افضل کے ساتھ شادی سے انکار کر کے اپنی مرضی سے ثقلین سے نکاح کیا تھا، جس پر افضل نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو نشانہ بنایا۔

واقعہ راجن پور کے نواحی علاقے محمد پور میں پیش آیا، جہاں افضل نامی ملزم نے مبینہ طور پر گھر میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی۔

مقتولین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم خاتون کا قریبی رشتہ دار یا بھائی بتایا جا رہا ہے، تاہم پولیس نے تصدیق کے لیے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔