بجلی کا بریک ڈاؤن، شہر قائد کے مختلف علاقے تاریکی میں ڈوب گئے

کراچی: شہر قائد میں بجلی کا ایک اور بریک ڈاؤن ہوا جس کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی سسٹم میں خرابی کے باعث شہر میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا جسک ے بعد ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں اندھیرا چھا گیا۔

اطلاعات کے مطابق ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، سخی حسن، بفرزون، فیڈرل کیپٹل ایریا، جمشید روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔

مزید پڑھیں: کراچی میں ایک بار پھر بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، 80 فیصد سے زائد علاقہ بجلی سے محروم

بریک ڈاؤن کی وجہ سے ضلع شرقی کے علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوئی، گلشن اقبال، آئی آئی چند ریگر روڈ کے علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی بند ہوگئی۔ دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کی جانب سے بجلی کے بریک ڈاؤن پر کوئی وضاحتی بیان سامنے نہیں آیا۔

یاد رہے کہ چار روز قبل برسات کی وجہ سے شہر میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا تھا جس کے باعث شہر کے مختلف علاقے تاریکی میں ڈوب گئے تھے، کے الیکٹرک کے انجینئرز نے 24 گھنٹے بعد خامی کو دور کیا تھا جس کے بعد بجلی کی ترسیل شروع ہوئی۔

قبل ازیں 20 جنوری کو شہر میں موسلادھار بارش کے باعث 208فیڈرزٹرپ کرگئے تھے اور کینٹ اسٹیشن ،ناظم آباد سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی جبکہ کرنٹ لگنے کے واقعات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے تھے ۔