ایک اور خان بالی ووڈ میں جگمگانے کو تیار

میگزین

بھارتی فلم انڈسٹری کے چھوٹے نواب سیف علی خان کے بڑے بیٹے ابراہیم علی خان بھی اب بالی ووڈ میں جلوہ دکھانے کے لیے تیار ہیں۔

بھارتی فلم انڈسٹری جو دنیا میں بالی ووڈ کے نام سے معروف ہے اس پر گزشتہ تین دہائیوں سے خانوں کا راج ہے کنگ خان شاہ رخ خان، مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان، دبنگ اسٹار سلمان خان اور چھوٹے نواب سیف علی خان جو درجنوں فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں اور آج بھی شائقین کے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔ تاہم اب ایک اور نئے خان کی بالی ووڈ میں انٹری ہو رہی ہے۔

بالی ووڈ میں عنقریب نیا جگمگانے والا ستارہ سیف علی خان کے بڑے بیٹے ابراہیم علی خان ہیں جو ان کی سابقہ بیوی امرتا سنگھ سے ہیں اور ہو بہو اپنے والد کی شباہت رکھتے ہیں۔ ابراہیم نے بطور اداکار اپنی پہلی فلم کی شوٹنگ مکمل کرلی ہے اور جلد وہ فلم پردہ سیمیں کی زینت بننے والی ہے۔

تاہم ان کے فلم میں ڈیبیو کو مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھا گیا تھا اور سب کو یہ باور کرایا گیا تھا کہ ابراہیم کرن جوہر کو راکی اور رانی کی پریم کہانی بنانے کے دوران اسسٹ کر رہے ہیں جو اب بطور ہیرو ان کی پہلی فلم ہوگی۔

ابراہیم علی خان کے بالی ووڈ ڈیبیو کی تصدیق ان کی بہن اداکارہ سارہ علی خان نے کی اور اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ ابراہیم نے اپنی پہلی فلم کی شوٹنگ مکمل کرلی ہے۔

سارہ علی خان نے مزید کہا کہ مجھے بھی یقین نہیں آ رہا ہے میرے بھائی کا فلم میں بطور اداکار ڈیبیو ہونے والا ہے مگر سچ یہی ہے کہ اس نے اپنی پہلی فلم کی شوٹنگ مکمل کرا دی ہے۔

سارہ نے اپنے چھوٹے بھائی کے لیے ممتا بھرے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ جب بھی گھر آتا ہے، چاہے وہ اسکول سے آئے یا شوٹنگ سے۔ میرا رویہ ہمیشہ اس کے ساتھ انتہائی محبت بھرا ہوتا ہے کیونکہ یہ شفقت مجھے میری والدہ کی طرف سے ملی ہے۔

واضح رہے کہ سارہ علی خان کی نئی فلم زرا ہٹ کے زرا بچ کے میں وہ وکی کوشل کے ساتھ رومانس کرتے نظر آئیں گی یہ فلم آئندہ ماہ 2 جون کو ریلیز ہو رہی ہے۔