امریکا میں ایک اور طیارہ حادثہ

امریکا (6 اگست 2025): امریکا میں ایک اور طیارہ حادثہ پیش آیا ہے ایئر کرافٹ گرنے کے بعد جل کر خاکستر ہو گیا جبکہ سوار چاروں افراد ہلاک ہو گئے۔

امریکی میڈیا کےمطابق امریکا میں شمالی ایریزونا میں میڈیکل ٹرانسپورٹ طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار چاروں افراد ہلاک ہو گئے۔ طیارے کے زمین پر گرتے ہی آگ بھڑک اٹھی اور ایئر کرافٹ جل کا خاکستر ہو گیا۔

رپورٹ کے مطابق حادثہ نیو میکسیکو کے البوکرک واقع سی ایس آئی ایوی ایشن کمپنی کا یہ طیارہ فلیگ اسٹاف سے 200 میل شمال مشرق میں چنلے ہوائی اڈے کے قریب اس وقت حادثے کا شکار ہوا جب وہ ایک مریض کو لینے کے لیے اسپتال جا رہا تھا۔ حادثے میں مرنے والے چاروں افراد کا تعلق طبی عملے سے تھا۔ مرنے والوں کے اہلخانہ کو حادثے کی اطلاع کر دی گئی ہے۔

حادثے کی وجوہات کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے جب کہ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اور ایف اے اے حادثے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ سی ایس آئی ایوی ایشن تحقیقات میں تعاون کر رہی ہے۔

دوسری جانب فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے افسران نے حادثے کے حوالے سے بتایا کہ بیچ کرافٹ دوپہر 12 بج کر 40 منٹ کے قریب چنلے ہوائی اڈے پر اترتے وقت حادثے کا شکار ہوا۔

حادثے کے بعد نواجو پولیس محکمہ کے چِنلے ضلع اور فائر و ریسکیو سروسز کے ہنگامی اہلکار جائے وقوع پر پہنچے۔ ٹیم نے آگ پر قابو پانے کے بعد لاشوں کو جہاز سے نکالنے کا کام شروع کیا۔۔

نواجو نیشن کے صدر بو نیوگرین نے حادثے پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور مرنے والے طبی عملے کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال امریکا میں کئی فضائی حادثے پیش آ چکے ہیں جن میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

رواں سال جنوری میں فیلاڈیلفیا میں بھی ایک میڈیکل ٹرانسپورٹ طیارہ حادثے کا شکار ہوا تھا۔ اس حادثے میں 8 افراد مارے گئے تھے۔ حادثے کی تحقیقات کرنے والے نیشنل ٹرانسپورٹین سیفٹی بورڈ کے مطابق طیارے کا وائس ریکارڈر کام نہیں کر پا رہا تھا۔

اس کے علاوہ حال ہی میں امریکا کے نارتھ کیرولینا میں اوک آئی لینڈ کے پاس ایک طیارہ سمندر میں جا گرا تھا۔ یہ حادثہ 2 اگست کو شام میں پیش آیا تھا۔