کراچی کا ایک اور نوجوان سرراہ قتل ، پولیس گتھی سلجھانے میں ناکام

کراچی نوجوان قتل

کراچی : شہید ملت روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 20 سالہ نوجوان دانش احمد جاں بحق ہوگیا، مقتول نجی کمپنی میں نائٹ ڈیوٹی کرکے گھر واپس جارہا تھا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کا ایک اور نوجوان سرراہ قتل کردیا گیا، شہید ملت روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 20 سالہ نوجوان جان سے گیا۔

جان بحق ہونے والے 20 سالہ دانش کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی، مقتول نجی کمپنی میں نائٹ ڈیوٹی کرکے گھر واپس جارہا تھا۔

مقتول پی آئی بی کالونی کا رہائشی اور تین بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا، دانش کے ورثاء کا کہنا ہے کہ ہماری کسی سے دشمنی نہیں پولیس واقعے کو ڈکیتی مزاحمت قرار دے رہی ہے حالانکہ ملزمان نے دانش سے کوئی بھی چیز نہیں چھینی۔

پولیس تاحال دانش کے قتل کی گتھی سلجھانے میں ناکام ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دانش کو کام سے گھر جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا قتل کی تمام پہلووٴں سے تحقیقات کررہے ہیں۔