چانڈکا اسپتال میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کی تحقیقات شروع

چانڈکا اسپتال

لاڑکانہ : چانڈکا اسپتال میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ، سابق ایم ایس نے مختلف کمپنیوں کو 52 کروڑ سے زائد کی ایڈوانس رقم دی تھی۔

تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں چانڈکا اسپتال میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

تحقیقات اینٹی کرپشن لاڑکانہ کی جانب سے سابق ایم ایس چانڈکا اسپتال ڈاکٹر گلزار تنیو کے خلاف سال دو ہزار بائیس میں مشینری کی خریداری میں کرپشن پر کی جا رہی ہیں۔

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ذرائع نے بتایا کہ دو سال قبل چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال کے سابق ایم ایس ڈاکٹر گلزار تنیو نے بیس جون کو مختلف کمپنیوں کو باون کروڑ سے زائد کی ایڈوانس رقم ادا کروائی تھی، جس میں بے ضابطگیاں ظاہر ہوئی ہیں، جس کے شواہد بھی حاصل کرلیے گئے ہیں۔

اینٹی کرپشن افسران کا کہنا ہے کہ حیرت انگیز طور پر ڈاکٹر گلزار تنیو کی خریدی گئی مشینری کہیں موجود نہیں، اسی لیے محکمہ صحت نے دوہزار اکیس سے دو ہزار تئیس تک کے ٹھیکوں، خریداری اور دیگر اخراجات کا ریکارڈ طلب کیا ہے۔

افسران نے مزید بتایا کہ جاری تحقیقات کے باوجود ڈاکٹر گلزار تنیو چانڈکا اسپتال کے اے ایم ایس تعینات ہیں۔