انتونیو گوتریس کا اسحاق ڈار کو ٹیلیفون : اہم امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

اس حوالے سے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ نائب وزیرخارجہ نے سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان جولائی میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کر رہا ہے، پاکستان عالمی امن و سلامتی کے لیے پرعزم ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان پُرامن طریقے سے تمام تنازعات کے حل پر یقین رکھتا ہے، پاکستان صدارت کے دوران اہم اجلاس منعقد کر رہا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کو اس کے مینڈیٹ کی ادائیگی میں مکمل تعاون اور اقوام متحدہ کے اہلکاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرتا ہے۔

دفترخارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور اسحاق ڈار کی جلد ملاقات نیویارک میں طے ہے، پاکستان سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران عالمی امن کے فروغ کے لیے سرگرم ہے۔