پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ انعمتا قریشی نے سانس پر جسمانی تشدد اور نارا سلوک کے سنگین الزامات عائد کردیے۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اسٹوریز میں انعتما قریشی نے لکھا کہ ’شوہر سارنگ کی والدہ اور بہن سمیت ان کے رشتے دار نامناسب رویہ اختیار کرتے ہیں مجھے ساس کھانے کو نہیں دیتیں اور راشن تک چھپا کر رکھتی ہیں۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’ساس انہیں برا بھلا کہنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں وہ بہوؤں پر حکمرانی کے خواب دیکھتی ہیں اور آزادانہ زندگی گزارنے کا حق نہیں دیتیں۔‘
انعمتا قریشی نے ساس پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ مجھے کئی عرصے سے جسمانی و زبانی تشدد کا نشانہ بنارہی ہیں جبکہ ان کی بہن فرحین قاضی نے میری والدہ پر تشدد کیا جس سے ان کا پاؤں فریکچر ہوگیا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ساس کا یہ ماننا ہے کہ میں ایک اداکارہ ہوں اس لیے میرے ساتھ گھر نہیں بسایا جاسکتا۔‘
ساس کے مقابلے میں اداکارہ نے شوہر کی تعریف کی اور کہا کہ شوہر کام کے سلسلے میں دور ہوتے ہیں لیکن وہ میرا ساتھ دیتے ہیں اور وہی میری طاقت بنے ہوئے ہیں۔
تاہم اداکارہ نے اپنی اسٹوریز میں مداحوں کو اپنے مسائل حل ہونے کے لیے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔
واضح رہے کہ انعمتا قریشی نے جنوری 2020 میں دیرینہ دوست سارنگ قاضی سے شادی کی تھی، ان کے ہاں شادی کے دو سال بعد جنوری 2022 میں بیٹے سائرس کی پیدائش ہوئی تھی۔