انوشکا شرما کا فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کیلیے آڈیشن، پرانی ویڈیو سامنے آگئی

انوشکا شرما کا فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کیلیے آڈیشن، پرانی ویڈیو سامنے آگئی

ممبئی: بالی وڈ کی معروف اداکارہ انوشکا شرما نے بلاک بسٹر فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کیلیے آڈیشن دیا تھا جس کی ویڈیو وہ خود منظر عام پر لے آئیں۔

فلم ’پی کے‘ کی شوٹنگ کے دوران انوشکا شرما نے ایک ویڈیو ریکارڈ کروائی جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ میں نے ’تھری ایڈیٹس‘ کیلیے 2007 میں آڈیشن دیا تھا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انوشکا شرما فلم ’پی کے‘ اور ’تھری ایڈیٹس‘ کے ڈائریکٹر راجکمار ہیرانی اور اداکار عامر خان کے پاس جا کر انہیں اپنے آڈیشن کی ویڈیو دکھاتی ہیں تو وہ شرمندہ ہو جاتے ہیں۔

آڈیشن کلپ دیکھنے کے بعد عامر خان راجکمار ہیرانی کی طرف دیکھ کر کہتے ہیں کہ ’انوشکا نے اتنا اچھا ٹیسٹ دیا لیکن آپ نے اسے کاسٹ نہیں کیا۔‘ اس پر راجکمار ہیرانی کہتے ہیں کہ ’آپ نے بالکل ٹھیک کہا، مجھے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔‘

’تھری ایڈیٹس‘ میں عامر خان کے ساتھ کرینہ کپور، شرمن جوشی اور آر مادھون نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ فلم کو دنیا بھر میں کافی پسند کیا گیا۔ 55 کروڑ بھارتی روپے سے بننے والی اس فلم نے صرف بھارت میں 400 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا۔

انوشکا شرما نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز فلم ’رب نے بنا دی جوڑ‘ میں سُپر اسٹار شاہ رخ خان کے ساتھ کیا تھا۔ اس کے بعد اداکارہ متعدد سُپر ہٹ فلموں کا حصہ رہیں۔