پشاور: سیلاب متاثرین کو معاوضے کی آن لائن ادائیگی کیلئے خصوصی ایپ کا اجرا کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ کےپی علی امین گنڈاپور نے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کا باضابطہ اجرا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کا اجرا اہم اقدام ہے مختصر وقت میں ایپ تیار کرنے پر متعلقہ حکام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ معاوضوں کی بروقت ادائیگی کےساتھ شفافیت بھی یقینی ہو گی، متاثرین کو بروقت ریلیف اور سہولتوں کی فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیح ہے۔
صوبائی وزیر مینا خان اور سہیل آفریدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کےپی نے سیلاب متاثرین کیلئے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے جب کہ کابینہ ارکان 15دن، ایم پی ایز 7 دن کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو دیں گے۔
میناخان کے مطابق گریڈ 17 اور اوپر کے ملازمین 2دن، گریڈ 1 سے 16 تک والے ایک دن کی تنخواہ دیں گے، وزیراعلی نے کہا اگر کوئی کام نہیں کرنا چاہتا تو ہم کسی سے بھیگ نہیں مانگیں گے صوبے کے پاس اتنے وسائل ہیں کہ متاثرہ لوگوں کو بحال کرسکیں گے۔
https://urdu.arynews.tv/pm-shehbaz-announces-donation-cabinet-salary-flood-victims/
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بالائی علاقوں میں طوفانی بارشوں، سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیوں سے متعلق اجلاس ہوا جس میں کے پی میں بارشوں، سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے وفاقی اداروں کو مزید متحرک ہونے کی ہدایت کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ سیاست کا نہیں، خدمت اور لوگوں کے دکھوں پر مرہم رکھنے کا وقت ہے، مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد ہماری قومی ذمہ داری ہے، متاثڑین کو وزیراعظم پیکیج کے تحت امدادی رقوم دیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے فوری متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا حتمی جائزہ پیش کرے، متاثرین میں امدادی اشیا کی تقسیم کا جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔