نگران وزیراعظم کی تقرری کیلئے مشاورت کا عمل حتمی مرحلے میں داخل

نگران وزیراعظم

اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف آج اپوزیشن لیڈرراجاریاض سے ملاقات کرکے نگراں وزیراعظم کے نام کی حتمی منظوری دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم کی تقرری کیلئے مشاورت کا عمل حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے ، ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم آفس کااپوزیشن لیڈرراجا ریاض سے رابطہ کیا۔

جس میں وزیراعظم شہباز شریف اوراپوزیشن لیڈرراجاریاض میں ملاقات طے ہوگئی، دونوں رہنماؤں آج دن ڈھائی بجے ملاقات کریں گے، جس کے بعد نگراں وزیراعظم کے نام کی منظوری دی جائے گی۔

سابق سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نگراں وزیراعظم کے لئے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنےآئے ہیں جبکہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کو نگراں وزیر خزانہ بنائے جانے کا امکان ہے۔

جلیل عباس جیلانی کا نام سابق صدر آصف زرداری نے سابق وزیراعظم نوازشریف کےسامنے رکھا تھا اور نوازشریف کی جانب سےاعتراض نہیں آیا، پی پی قیادت کوجلیل عباس جیلانی کا نام یوسف رضا گیلانی نے تجویز کیا تھا۔

قانون میں بی اے اور دفاعی امور میں ماسٹر کی ڈگری رکھنے والے جلیل عباس جیلانی امریکا اور بھارت میں سفیر کی ذمے داری نبھا چکے ہیں۔

وہ پیشہ ور سفارت کار ہیں۔ بطور سیکریٹری خارجہ تعیناتی سے پہلے بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر رہے اور سفارتی ذمے داریوں کے دوران برسلز میں نیٹو ہیڈکوارٹر کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں رہے۔

اس کے علاوہ جدہ اور لندن میں بھی تعینات رہے جبکہ کینبرا میں ہائی کمشنر کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔