236 ارب مالیت کے 25 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 236 ارب روپے مالیت کے 25 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے جب کہ 7 بڑے ترقیاتی منصوبے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کے حوالے کیے گئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں 236 ارب روپے مالیت کے 25 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی جب کہ مجموعی طور پر 7 بڑے ترقیاتی منصوبوں کی حتمی منظوری کے لیے اس کو ایکنک کے حوالے کیا گیا ہے۔

جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں بشام ایکسپریس وے کے لیے 79 ارب، سندھ کوسٹل ہائی وے کیلیے 16.2 ارب، کچھی کینال کیلیے 8.5 ارب کے پروجیکٹس منظور کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم انسداد ہیپاٹائٹس پروگرام کے لیے 35.4 ارب، غذائیت بہتر بنانے کیلیے 8.5 ارب کا قومی نیوٹریشن پروگرام منظور کیا گیا ہے۔

اجلاس میں کہوٹہ روڈ ڈبل کرنے کے لیے 2.3 ارب، بنیادی تعلیم کے لیے 7.4 ارب کا اسلام آباد ایجوکیشن سہولت پروجیکٹ کراچی شپ یارڈ کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے 9.9 ارب کا پروجیکٹ، قاسم ریل فریٹ ٹرمینل کے لیے 4.2 ارب روپے کا پروجیکٹ اور ڈی آئی خان پیکیج کے لیے 2.6 ارب روپے کے پروجیکٹ اور بھونگ انٹرچینج کے لیے 9.2 ارب روپے کی بھی منظوری دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق بھونگ صادق آباد انٹرچینج کے لیے 1.8 ارب، لاہور سیالکوٹ موٹر وے انٹر چینج کے لیے 1.6 ارب، سکھر ملتان موٹر وے پر جام دین ولی انٹر چینج کے لیے 1.4 ارب، ننکانہ صاحب میں عوامی سہولت کے لیے 1.5 ارب اور کوہاٹ، بنوں سے معدنیات کا سروے کرنے کے لیے 3 ارب 10 کروڑ کے منصوبوں کو بھی منظور کیا گیا ہے۔

اجلاس نے اسلام آباد میں کینسر اسپتال کے آلات کی خریداری کے لیے 7.4 ارب اور قومی صحت پروگرام کے لیے 14.8 ارب روپے کے پروجیکٹس کی بھی منظوری دی۔