وفاقی کابینہ نے پاکستان اسٹیل ملز ملازمین کی تنخواہیں جاری کرنے کی منظوری دیدی۔
ذرائع کے مطابق ملازمین کو رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کی تنخواہیں جاری کی جائیں گی۔ اسٹیل ملز ملازمین کو تنخواہوں کیلئے تقریباً 62 کروڑ روپے جاری کیےجائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فنڈز 10 ارب روپے کے مختص فنڈز میں سےجاری کیےجائیں گے۔ پاکستان اسٹیل ملز میں اس وقت تقریباً 3ہزار 100 ملازمین کام کر رہے ہیں جب کہ اسٹیل ملز کے5 ہزار 679 ملازمین کو برخاست کیا جا چکا ہے۔
اس سے قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان اسٹیل مل ملازمین کی تنخواہیں جاری کرنے کی منظوری دی تھی۔
اجلاس میں ای سی سی نے مالی سال 2023-24 کے لیے پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کی منظوری کے حوالے سے وزارت صنعت و پیداوار کی سمری پر غور کیا۔
بعد ازاں اجلاس میں پاکستان اسٹیل مل ملازمین کی تنخواہیں جاری کرنے کی منظوری دیتے ہوئے، ملازمین کیلئے10ارب روپے بجٹ میں مختص کیے گئے۔