اسلام آباد : قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے ملک بھر میں صحت اور توانائی سمیت کھربوں روپے مالیت کے متعدد منصوبوں کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
قومی اقتصادی کونسل (ایکنک) اعلامیہ کے مطابق کراچی کو پانی فراہمی کے منصوبے ’کے فور‘ کی منظوری دے دی گئی ہے، منصوبے کی لاگت کا تخمینہ39 ارب 94کروڑ روپے ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’کےفور‘ منصوبے کیلئے مرکز اور صوبائی حکومت 50،50فیصد رقم فراہم کریں گی، منصوبے کے تحت جامشورو ٹھٹھہ میں کلری بھاگر فیڈر اپر کی کنکریٹ لائننگ کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ لاہور رنگ روڈ کے شمالی لوپ رائیونڈ سے ملتان روڈ کی تعمیر کی منظوری دی گئی، رائیونڈ تا ملتان روڈ منصوبے کا تخمینہ17ارب78 کروڑ روپے ہے۔
ایکنک اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ قومی پروگرام برائے سولرلائزیشن آف ٹیوب ویل کی منظوری کے علاوہ ایکنک نے خوازہ خیلہ بشام ایکسپریس وے کی تعمیرکے منصوبے کی بھی منظوری دے دی ہے جس کا تخمینہ79 ارب 13کروڑ روپے ہے۔
اس کے علاوہ لاہور ساہیوال بہاولنگر موٹروے کی تعمیرکے منصوبے کی منظوری دے دی گئی، مذکورہ منصوبے کا تخمینہ263ارب79کروڑ روپے لگایا گیا ہے
قومی اقتصادی کونسل کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان ایجوکیشن فنڈ کیلئے14ارب مختص کرنے کی بھی منظوری سمیت ایکنک نے16ارب80کروڑ کے لیپ ٹاپ اسکیم منصوبے کی منظوری دیدی۔
ایکنک اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ہائیڈرومٹ سروسز کو جدید بنانے کیلئے14ارب50کروڑ کے منصوبے کی منظوری دی گئی ہے، عالمی بینک محکمہ موسمیات کے منصوبے کیلئے بھی امداد فراہم کرے گا۔