کراچی : چیئرمین اے کے ڈی گروپ عقیل کریم ڈھیڈی کا کہنا ہے کہ تاخیر سے فیصلے کرنے سے روپے کی قدر گررہی ہے جو خطرناک ہے، وفاقی حکومت کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر پر رسٹرکشن لگانی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈالر کی اونچی اڑان کے حوالے سے کہا کہ تاخیر سے فیصلے کرنے سے روپے کی قدر گررہی ہے جو خطرناک ہے، پالیسی میکر کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
عقیل کریم ڈھیڈی کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال سے ملک کو زیادہ نقصان پہنچے گا، روپے کی قدر مزید کم ہوئی تو مہنگائی تو اوربڑھ جائے گی۔
چیئرمین اے کے ڈی گروپ نے کہا کہ ہر چیز مہنگی ہورہی ہے ، ہماری ہر چیز کا تعلق ہی ڈالر سے ہے، اسٹیٹ بینک کو اپنا کردار ادا کرناہوگا اور وفاقی حکومت کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر پر رسٹرکشن لگانی ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ زرمبادلہ کم ہے ، ابھی اقدامات نہ کئے تو نقصان بڑھ جائے گا پھر کنٹرول کرنا مشکل ہوگا، اسٹیٹ بینک ، وزارت خزانہ ڈالر کو ایسی صورتحال پر نہ لےجائیں جو مزید نقصان دہ ہو.
چیئرمین اے کے ڈی گروپ نے کہا کہ ڈالر کے ریٹ افغانستان کےحساب سےمقرر کرنا خطرناک ہے،، آپ آج بیس روپے بڑھائیں گےتو بلیک مارکیٹ بیس روپے پھر بڑھا دے گی، اس سے پاکستان کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔
عقیل کریم ڈھیڈی کا کہنا تھا کہ پالیسی بنانے والوں کو چاہئے ایسانہ کریں، یہ تو روز کا کھیل بن جائے گا، پھر پاکستان کی کرنسی کون رکھے گا۔