بابر اور رضوان کے لئے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے دروازے بند نہیں کئے، عاقب جاوید

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ بطور ہیڈ کوچ چیمپئنز ٹرافی میں ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتاہوں، تین سے چار ماہ میں کسی چیز کو ٹھیک نہیں کیا جاسکتا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ تین سے چار ماہ میں کسی چیز کو ٹھیک نہیں کیا جاسکتا، یہ گیم ہے، کھلاڑی کھیلتے ہیں، ہماری بطور سلیکٹر ایک سوچ اور سلیکشن ہوتی ہے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ آسان کہیں بھی آسان نہیں ہوسکتی، کھلاڑی نیوزی لینڈ جاکر کھیلیں گے تو بڑے کھلاڑی بھی بن سکتے ہیں۔ میں سمجھتاہوں حارث اور شاہین اب بھی ٹی 20کیلئے اچھے بولرز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹیم کا ہدف ہے، بابر اور رضوان کے لئے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے دروازے بند نہیں کئے۔ چیمپئنز ٹرافی میں ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتاہوں۔

انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال کے عرصے میں کئی کوچز اور سلیکٹرز بدلے گئے، یہ تبدیلیاں کسی بھی ٹیم میں آتی تو یہی حال ہونا تھا۔ ہم ٹی ٹوئنٹی کو ایک نئی سمت میں لے کر جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے محمد رضوان سے ٹی 20 کی قیادت واپس لے کر شاداب خان کو نائب کپتان مقرر کردیا گیا۔

لاہور میں عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ دورہ نیوزی لینڈ کیلیے محمد رضوان کو ٹی 20 کی کپتانی سے ہٹانے کے ساتھ اس فارمیٹ کے اسکواڈ سے بھی ڈراپ کر دیا گیا تاہم وہ ون ڈے میں بدستور ٹیم کی قیادت کریں گے اور سلمان علی آغا ان کے نائب ہوں گے۔

تاہم ٹی ٹوئنٹی کے لیے قیادت میں تبدیلی کی گئی ہے۔ اس فارمیٹ میں ٹیم کی کمان سلمان علی آغا سنبھالیں گے جب کہ ٹیم میں طویل عرصہ بعد واپسی کرنے والے شاداب خان نائب کپتان کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

سابق کپتان اور اسٹار بیٹر بابر اعظم اور فاسٹ بولر نسیم شاہ کو ٹی 20 اسکواڈ جب کہ شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

ون ڈے کے لیے 15 رکنی جب کہ ٹی 20 کے لیے 16 رکنی اسکواڈز کا اعلان کیا گیا ہے۔ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈز ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

ون ڈے اسکواڈ:

محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، عاکف جاوید، بابر اعظم، فہیم اشرف، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد علی، محمد وسیم جونیئر، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، سفیان مقیم اور طیب طاہر

ٹی 20 اسکواڈ:

سلمان علی آغا (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبدالصد، ابرار احمد، حارث رو?ف، حسن نواز، جہانداد خان، خوشدل شاہ، محمد عباس آفریدی، محمد علی، محمد حارث، محمد عرفان خان، عمیر بن یوسف، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم، عثمان خان۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم 12 مارچ کو نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے روانہ ہوگی۔ اس دورے میں گرین شرٹس پہلے 5 میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز اور اس کے بعد تین میچوں پر مشتمل ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔