کم عمر ترین آئی ٹی انجنئیر ارفع کریم کو بچھڑے4برس بیت گئے

کراچی : پاکستان کاروشن حوالہ، کم عمری میں ہی پاکستان کی پہچان بننے والی کم عمر ترین آئی ٹی انجنئیر ارفع کریم کو بچھڑے چار برس بیت گئے۔

قوم کو کم عمری میں ابدی جدائی دے جانے والی کم عمرترین مائیکرو سافٹ انجینیئر اور باذوق شاعرہ ارفع کریم کی آج چوتھی برسی منائی جا رہی ہے، ارفع کریم رندھاوا نے دو ہزار چار میں صرف نو سال کی عمر میں دنیا کی کم عمر ترین آئی ٹی انجینئر کے طور پر پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔

دو ہزار پانچ میں مائیکرو سافٹ کے خالق بل گیٹس نے ارفع کریم سے خصوصی ملاقات کی اور انھیں مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ ایپلی کیشن کی سند عطا کی۔

پرائیڈ آف پرفارمنس، مادرملت جناح طلائی تمغہ اور سلام پاکستان یوتھ ایوارڈ اپنے نام کرنیوالی ارفع ابھی اپنے روشن مستقبل کو خوش آمدید کہہ رہی تھیں کہ خالق حقیقی سے جا ملیں لیکن مائیکرو سافٹ کی تاریخ میں ناقابل فراموش نقوش چھوڑ گئیں۔