ارجنٹینا کی فتح: لیاری والوں کے جشن کا دنیا بھر میں چرچا

کراچی: فیفا ورلڈکپ میں ارجنٹینا کی فتح پر لیاری والوں کے جشن نے دنیا کو ایک بار پھر اپنی جانب متوجہ کرلیا۔

گذشتہ روز فیفا ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں ہارٹ فیورٹ ارجنٹینا نے یک طرفہ مقابلے کے بعد کروشیا کو 0-3 سے آؤٹ کلاس کیا اور آٹھ سال بعد فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

ارجنٹینا کی فتح پر تو جشن دنیا بھر میں منایا گیا تاہم کراچی کے علاقے لیاری میں تاریخی فتح کا جشن اس طرح منایا گیا کہ وہ پھر سے شہ سرخیوں میں آگیا۔

فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لئے لیاری کے بیشتر علاقوں میں بڑی بڑی اسکرین نصب کی گئیں تھیں جہاں لوگوں کا شرکت قابل دید تھی، نوجوانوں نے ارجنٹینا کی فتح پر علاقائی بھنگڑے ڈال کر اپنی خوشی کا اظہار کیا جبکہ اس موقع پر آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:  میسی کب ریٹائر ہو رہے ہیں؟ ارجنٹائن کپتان کا اشارہ

لیاری کے مقامی فٹ بال ٹیم کے کوچ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ کے آغاز سے یہاں جوش وخروش نمایاں ہے، یہاں کے لوگ زیادہ تر بزاریل اور ارجنٹینا کو پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نوجوان میسی اور نیمار کے نام کی شرٹ کو خوب پسند کرتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ عید کے موقع پر بھی کئی نوجوانوں کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ نیمار اور میسی کی جرسی زیب تن کرے۔