اداکارہ اریج فاطمہ کا کینسر میں مبتلا ہونے کا انکشاف، ویڈیو جاری

اداکارہ اریج فاطمہ کا کینسر میں مبتلا ہونے کا انکشاف، ویڈیو جاری

(11 اگست 2025): پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ اریج فاطمہ نے کینسر میں مبتلا ہوکر صحتیاب ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

اریج فاطمہ نے گزشتہ روز فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ کینسر میں مبتلا تھیں لیکن اب مکمل طور پر صحتیاب ہوچکی ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں اریج نے اپنے کینسر کے سفر کی کچھ تصاویر بھی شیئر کیں اور بتایا کہ میری زندگی بہت اچھی گزر رہی تھی، میں زندگی کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیتی تھی، مجھے لگتا تھا کہ میں لمبی زندگی گزارنے والی ہوں، اس دوران میں نے کئی بار نمازیں بھی چھوڑیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Arij Fatyma (@arijfatymajafri)

سابقہ اداکارہ نے کہا کہ لیکن پھر ایک دن چند گھنٹوں میں ہی میری زندگی مکمل طور پر بدل گئی، میں نے اپنی زندگی کے لیے جنگ لڑ ی، میں نے اپنی بیماری سے متعلق پہلے پہلے کبھی اس لیے نہیں بتایا کیونکہ مجھے ڈر تھا کہ لوگ میرے بارے میں طرح طرح کی باتیں کریں گے اور میرے کردار پر سوال اٹھائیں گے۔

اداکارہ نے بتایا کہ پچھلے 4 مہینے سے وہ اور ان کی فیملی بہت مشکل وقت سے گزرے، انہیں کوریوکارسینوما (Choriocarcinoma) نامی کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، کوریوکارسینوما ایک نایاب اور تیزی سے پھیلنے والی بیماری ہے جو مولر پریگننسی کے بعد پیدا ہو سکتا ہے۔

اریج کا کہنا تھا کہ اس بیماری کے دوران مجھے دو بڑے خوف تھے: اللہ کے سامنے حساب دینا اور دوسرا میرے بعد میری فیملی کا کیا ہوگا، کیوں کہ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ میرے بعد میری فیملی کا کیا ہوگا۔

اداکارہ نے کینسر سے متعلق آگاہی پر بات کرتے ہوئے سب کو مشورہ دیا کہ اپنے باقاعدہ میڈیکل چیک اپ کروائیں، ان کا کہنا تھا کہ  انہیں کئی سالوں تک فالو اپ ٹیسٹ کرانے ہوں گے تاکہ یہ کینسر دوبارہ نہ ہو۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ کینسر کے واپس آنے کا خیال مجھے حقیقت پسند بناتا ہے، موت یاد دلاتا ہے اور زندگی کو مزید بامقصد طریقے سے گزارنے پر مجبور کرتا ہے۔