جیکب آباد میں مسلح ڈاکوؤں نے اسکول جانے والی اساتذہ کی وین پر دھاوا بول دیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح سیکشن کی حدود میں ڈاکوؤں نے خواتین سمیت 9 اساتذہ کو اغوا کرنے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔
ڈاکوؤں کی اساتذہ کو اغوا کرنےکی کوشش کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس میں اساتذہ اور ڈاکوؤں کو دیکھا جا سکتا ہے۔
وین میں سوار خواتین سمیت 9 اساتذہ کو اغوا کرنے کی کوشش کی گئی تو موقع پر موجود لوگوں نے مزاحمت کی جس پر ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔
دو روز قبل جیکب آباد میں ہی ڈاکوؤں نے ڈیوٹی پر جانے والے سوئی گیس ملازمین کو یرغمال بنا لیا جن میں زاہدحسین ابڑو، انجینئر عبدالقیوم، گارڈ اصغر نوناری شامل ہیں۔
اغوا کی واردات بی سیکشن ٹھل تھانےکی حدود نصیر شاخ کے قریب کی گئی ہے۔ مسلح ڈاکو گیس کمپنی کے ڈرائیور اور گاڑی واردات کی جگہ پرچھوڑ گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سوئی گیس ملازمین گیس کا وال چیک کرنے کیلئے گئے تھے جہاں انہیں مسلح افراد نے اغوا کر لیا۔