راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے پُرامن افغانستان میں کسی بھی ملک سے زیادہ مفادات ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ عالمی برادری امداد دینے کے بجائے ہماری قربانیوں اور نقطعہ نظر کو سمجھے۔
ترجمان آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا ہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر اپنے وفد کے ہمراہ دورہ پاکستان پرپہنچے ہیں اور آج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور اور افغانستان کی تازہ ترین سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ کیا گیا تاہم مجموعی طور پر افغانستان کی سیکیورٹی صورت حال ملاقات کا محور تھی۔
Commander USCENTCOM and delegation met COAS. "No other country has more interest for peace in Afghanistan than Pakistan”, COAS. (1 of 2) pic.twitter.com/GQ5dEzbLGd
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) August 18, 2017
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی طویل کوششوں اور قربانیوں کا اعتراف ہونا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے نزدیک مالی اور مادی تعاون سے زیادہ اہمیت اس بات کی ہے کہ پاکستان کی کاوشوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا جائے کیوں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عوام اور فوج نے بے مثل قربانی دی ہیں۔
آرمی چیف قمر باجوہ نے کہا کہ پاکستان کے لیے امریکا سے تعلقات اہم ہیں اور خطے میں استحکام کے لیے امریکا کے ساتھ فوجی تعاون ضروری ہے جس کا مقصد پاک افغان سرحد پر امن و استحکام ہے۔