عوام بالخصوص نوجوان اداروں کیخلاف پروپیگنڈے کا مقابلہ کریں، آرمی چیف

آرمی چیف نے کہا ہے کہ مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کا بہادری سےمقابلہ کررہی ہے، عوام کے مسلسل تعاون سے دہشت گردی کے خلاف کامیابی ہمارا مقدر ہوگی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں بتایا گیا کہ 25 ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف سے ملاقات بھی کی۔ شرکا کو بین الاقوامی و علاقائی سیکیورٹی اور قومی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ نوجوان ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا پر معلومات میں اضافہ کریں۔ عوام بالخصوص نوجوان اداروں کے خلاف پروپیگنڈے کا مقابلہ کریں۔

انھوں نے کہا کہ دانشور اور سول سوسائٹی عوام میں منفی رحجانات کی حوصلہ شکنی کریں۔ ہرایک پاکستانی کی حفاظت اورسلامتی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانیوں کی حفاظت پر سمجھوتہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ آرمی چیف نے ایس آئی ایف سی کے معیشت پر مثبت اثرات کو بھی اجاگر کیا۔

عاصم منیر نے کہا کہ فوج دیگر اداروں کے ساتھ مل کر قومی اور صوبائی سطح پر مصروف عمل ہے۔ ہم مضبوط قوم ہیں امن اور استحکام کیلئے بہت سی آزمائشوں کو برداشت کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس موقع پر شرکا کو غیرقانونی سرگرمیوں کو روکنے کے حوالے سے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔