ناخلف بیٹے کا بوڑھی ماں پر کھمبے سے باندھ کر تشدد

بھارت میں انسانیت کو شرمانے والا ایک اور واقعہ رونما ہوا ہے جہاں بیٹے نے اپنی بوڑھی ماں کو کھمبے سے باندھ کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا پولیس نے ناخلف نوجوان کو گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ شرمناک واقعہ ریاست اڑیسہ کے کیونجھر ضلع میں پیش آیا جہاں ایک 39 سالہ شخص نے اپنی بوڑھی ماں کو سرعام کھمبے سے باندھ کر اس پر تشدد کیا۔ اہل علاقہ کی شکایت پر پولیس نے ناخلف بیٹے کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کا نام سترو گھنا مہانتا ہے جو سراسپاسی گاؤں کا رہنے والا ہے۔

واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے پولیس افسر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ انہیں گاؤں کے لوگوں نے اطلاعت دی تھی کہ ایک بزرگ خاتون علاج کے لیے اسپتال آئی ہے جو زخمی ہے۔ پولیس فوری وہاں پہنچی جہاں بوڑھی عورت نے بتایا کہ اس پر اسی کے بیٹے نے کھمبے سے باندھ تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

پولیس نے ماں کے الزام کی جب تفتیش کی تو سترو پر یہ الزام درست ثابت ہوا جس پر اسے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون کے دو بیٹے تھے ایک بیٹے کا چند سال قبل انتقال ہو گیا تھا اور دوسرے سے خاندانی جھگڑے کے باعث وہ اکیلی رہتی تھی جس کا گزر بسر سرکاری راشن اور گاؤں والوں کی مدد سے ہوتا تھا۔

پولیس کے مطابق زخمی بوڑھی خاتون کو چند روز قبل کچھ پیسوں کی ضرورت تھی جس کے لیے اس نے اپنے بیٹے کے کھیت سےایک گوبھی لے کر پڑوسی کو فروخت کر دی تھی جب بیٹے کو اس کا علم ہوا تو وہ ماں پر برہم ہوا اور بے دردی سے مار پیٹ کی۔