ماہ جشن آزادی میں قوم کو خوشیاں دینے والے قومی ہیرو گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم پر معروف مصنف نے کتاب لکھنے اور فلم بنانے کا اعلان کیا ہے۔
پیرس اولمپکس میں نیا ریکارڈ بناتے ہوئے جیولن تھرو میں پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوانے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کی وطن واپسی کے بعد سرکاری اور نجی سطح پر ستائش جاری ہے۔ ان پر انعامات کے اعلانات کی برسات کر دی گئی ہے ایسے میں معروف مصنف عمران ملک نے ارشد ندیم پر کتاب لکھنے اور بین الاقوامی معیار کی فلم بنانے کا اعلان کیا ہے۔
عمران ملک جو کئی کتابوں کے مصنف، کالم نویس اور گولڈ میڈلسٹ ہیں کا کہنا ہے کہ ارشد ندیم کی کامیابی کو اقوام عالم میں بہت سراہا جا رہا ہے اور ان کی اس عظیم کامیابی کی وجہ سے پاکستان کو بھی دنیا بھر میں بہت پذیرائی ملی ہے بالخصوص ہمارے ہمسایہ ممالک میں پاکستان کے بہت چرچے ہو رہے اور ان کی زندگی اور کامیابیوں کے بارے میں مختلف چینلز پر پروگرام دکھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیولن ہیرو کی زندگی سخت محنت اور عزم مسلسل سے عبارت ہے۔ ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے ارشد ندیم جن کے پاس بین الاقوامی معیار کا سامان اورمناسب سہولیات بھی دستیاب نہیں تھیں لیکن انہوں نے اپنی انتھک محنت، لگن، جدوجہد اور جذبے کے ساتھ وہ کر دکھایا، جسے تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا اور ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
عمران ملک نے کہا کہ ارشد ندیم کی زندگی پر ان کی لکھی جانے والی کتاب بنائی جانے والی فلم موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہو گی۔ ہمارے نوجوان ان انتھک محنت، جدوجہد اور کامیابی سے بہت کچھ سیکھ سکیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستانی اداکار محسن عباس حیدر نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ پاکستانی ایتھلیٹ کی بائیوپک میں ارشد ندیم کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
https://urdu.arynews.tv/arshad-nadeem-rejected-the-offers-of-how-many-countries/