قومی ہیرو ارشد ندیم کا ملتان روڈ پر ناشتہ، شہریوں کی بڑی تعداد امڈ آئی

پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کر کے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کرنے والے ارشد ندیم نے وطن واپسی پر ملتان روڈ پر ناشتہ کیا شہریوں کی بڑی تعداد امڈ آئی۔

پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو میں 118 سالہ ریکارڈ توڑ کر پاکستان کو پہلا انفرادی گولڈ میڈل دلانے والے فخر پاکستان ارشد ندیم کا قافلہ وطن واپسی کے بعد اپنے گاؤں میاں چنوں کی جانب رواں دواں ہے اور ہر جگہ اس قافلے کا شہری پرتپاک استقبال کر رہے ہیں۔

آج صبح ارشد ندیم نے اہلخانہ اور دوست احباب کے ہمراہ ملتان روڈ پر نانگا منڈی کے علاقے میں ناشتہ کیا۔ جیولن ہیرو کی آمد کا سن کر شہریوں کی بڑی تعداد ہوٹل پر امڈ آئی اور انہوں نے ارشد ندیم کا ڈھول کی تھاپ پر والہانہ استقبال کیا۔

اس موقع پر شہریوں نے ارشد ندیم زندہ باد، پاکستان پائندہ باد کے نعرے لگائے اور قومی ہیرو کے ہمراہ سیلفیاں بھی بنوائیں۔ پھول نگر سے ان کا قافلہ میاں چنوں کے لیے روانہ ہو گیا۔

واضح رہے کہ گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب وطن واپس پہنچے۔ لاہور ایئرپورٹ پر وفاقی وزرا، کھیلوں سے وابستہ شخصیات سمیت عوام کا جم غفیر ان کے پرتپاک استقبال کے لیے موجود تھے۔ انہوں نے ڈبل ڈیکر میں لاہور شہر کا دورہ کیا جہاں ہر جگہ لوگوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لیے موجود تھی۔

ارشد ندیم علی الصباح رائے ونڈ میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد میاں چنوں اپنی رہائشگاہ کے لیے روانہ ہوئے ہیں مگر جابجا استقبال کی وجہ سے ان کا قافلہ سست روی کا شکار ہے۔

https://urdu.arynews.tv/arshad-nadeem-arrival-in-pakistan-welcome/