ارشد ندیم کی کامیابی پوری قوم کیلیے فخر ہے، آرمی چیف

ارشد ندیم کی کامیابی پوری قوم کیلیے فخر ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر

راولپنڈی: پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کیلیے گولڈ میڈل جیتنے والے قومی ایتھیٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں جی ایچ کیو میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب میں 1984 اولمپکس کے کھلاڑیوں، قومی ہاکی، کرکٹ، اسٹریٹ فٹبال اور خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی جبکہ جہانگیر خان، اصلاح الدین، شہباز سینئر، سہیل عباس، محمد آصف اور اعصام الحق بھی تقریب میں شریک رہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ارشد ندیم کے تاریخی کارنامے کو سراہا اور پہلی بار سنگل ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے پر قومی ایتھلیٹ کو مبارکباد دی ۔

جنرل عاصم منیر نے ارشد ندیم کے جذبے اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم کی کامیابی پوری قوم کیلیے فخر ہے، ان کی کامیابی سے پوری قوم کو خوشیاں ملیں۔

آرمی چیف نے کھلاڑیوں اور نوجوانوں کو بھرپور تعاون کی فراہمی کا عزم اور ان کو صحت مند سرگرمیوں میں شامل کرنے پر زور دیا۔

تقریب میں ارشد ندیم نے سراہنے پر شکریہ ادا کیا اور نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں، چیلنجز پر قابو پانے اور کامیابی کیلیے محنت اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔