’گولڈ میڈل نے قوم کو متحد کر دیا‘

ارشد ندیم

پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم نے کہا ہے کہ طلائی تمغے نے پوری قوم کو متحد کر دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے آج گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں ارشد ندیم نے مزار قائد پر حاضری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا کی تھی۔ اس نے گولڈ میڈل سے نوازا، جس نے قوم کو اکٹھا کر دیا۔ دعا ہے کہ اب قوم اسی طرح ایک رہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے میڈل سے بڑھ کر عزت دی ہے۔ کراچی آ کر بہت خوشی ہوئی یہاں کے عوام نے بھی سر آنکھوں پر بٹھایا۔ میڈیا کا شکر گزار ہوں کہ وہ مجھے پوری دنیا میں مشہور کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ارشد ندیم نے گزشتہ ہفتے 8 اگست کو پیرس اولمپکس کے جیولن تھرو کے فائنل میں اولمپک کا 118 سالہ ریکارڈ توڑتے ہوئے پاکستان کو انفرادی حیثیت میں پہلا گولڈ میڈل جتوایا تھا جو ملک کے لیے 40 سال بعد حاصل کیا جانے والا طلائی تمغہ بھی ہے۔

https://urdu.arynews.tv/arshad-nadeem-prizes-in-karachi/