گورنر سندھ کا ارشد ندیم کی اہلیہ کیلیے بڑا اعلان

گورنر سندھ کا ارشد ندیم کی اہلیہ کیلیے بڑا اعلان

کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلیے گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کی اہلیہ کیلیے بڑا اعلان کر دیا۔

ارشد ندیم کی اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کے دوران گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ قومی ہیرو کا کراچی کا دورہ ایک یادگار لمحہ تھا، کراچی کے عوام نے ان کا جس طرح استقبال کیا تاریخ یاد رکھے گی۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ ارشد ندیم کو پوری قوم نے اپنا ہیرو مانا ہے، انہوں نے ایک مرتبہ پھر پوری قوم کو متحد کر دیا ہے، بیرونی طاقتوں نے جو نفرتوں کے بیج بوئے تھے ارشد ندیم نے قوم کو ایک کر دیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ارشد ندیم کی اہلیہ کیلیے بھی گولڈ سیٹ کا اعلان کرتا ہوں، قومی ہیرو کی کراچی آمد کبھی نہیں بھولوں گا، پوری قوم ان کا شکریہ ادا کرتی ہے انہوں نے خوشی کے لمحات دیے۔

انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کی جانب سے آئی ٹی یونیورسٹی میں 100 لیپ ٹاپ دینے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں ارشد ندیم کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ شوہر کیلیے دعائیں مانگتی رہی اور پورا یقین تھا کہ اللہ میری دعا قبول کرے گا، شوہر کی انجری تھی تو 3 دن سو نہیں سکی بس دعائیں مانگتی رہی۔

انہوں نے بتایا کہ دعائیں قبول ہونے کا یقین تھا شوہر کو بتا دیا تھا کہ گولڈ میڈل آپ کا ہے، دیور نے بتایا کہ مبارک ہو تو خوشی کے آنسو نہیں روک سکی۔

خصوصی گفتگو میں ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ اہلیہ نے بتایا میرے سسر نے تحفے میں بھینس دی ہے، میں نے کہا کہ والد کو کہیں 5 ایکڑ تک زمین ہی دے دیں، خواہش ہے میرے بچے بھی پاکستان کیلیے نام روش کریں۔