چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود کا کہنا ہے کہ ارشد ندیم نے تاریخ رقم کردی، وزیراعظم شہباز شریف کی آنکھوں میں آنسو تھے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اسپورٹس روم‘ مین گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ہمیشہ یوتھ کو پلیٹ فارم دینے کی بات کرتے ہیں، بدقسمتی سے ملک میں مستقل پالیسیاں نہیں ہوتیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر حکومت اپنی پالیسیاں بناتی ہے اور گزشتہ پالیسیوں کو تبدیل کرتی ہے لیکن وزیراعظم کا وژن ہے کہ ہر بچے کو موقع دینا ہے۔
رانا مشہود نے کہا کہ رواں سال ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں، پاکستان کی بائیو مکینک لیب کا قیام بھی رواں سال عمل میں آرہا ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ آئندہ سال سیف گیمز ہونے جارہی ہیں اس کی بھی تیاریاں کررہے ہیں، پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، نوجوانوں کو مواقع دیں گے۔
واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں پاکستانی جیولین تھرور ارشد ندیم کی گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی، وزیراعظم شہباز شریف کی جشن منانے کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی تھی۔
گزشتہ رات 11 بجتے ہی قوم کی نظریں صرف ارشد ندیم پر جمی ہوئی تھیں اور سب کی ٹی وی اسکرین پر صرف ارشد ندیم چھایا ہوا تھا۔
پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کی کامیابی کا جشن وزیراعظم شہباز شریف نے بھی منایا جن کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ارشد ندیم کی شاندار 92.97 میٹر کی تھرو دیکھتے ہی وزیراعظم کھڑے ہوگئے اور انہوں نے ہاتھ اٹھا کر کامیابی کا جشن منایا جب کہ اس موقع پر رانا مشہود نے وزیراعظم کو مبارکباد دی۔
یاد رہے کہ ارشد ندیم نے اپنی دوسری تھرو 92.97 میٹر کرکے نیا اولمپک ریکارڈ بنایا ہے۔