ارشد ندیم کی کامیابی، وزیراعظم نے پُرجوش انداز میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا

پیرس اولمپکس میں پاکستانی جیولن ہیرو ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے نئے ریکارڈ بنائے ان کی شاندار فتح پر وزیراعظم شہباز شریف بھی جوش میں آ گئے۔

پیرس میں جاری اولمپکس 2024 میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب جیولن تھرو کا فائنل مقابلہ ہوا جس میں پاکستانی ارشد ندیم نے اولمپک گیمز کا 118 سالہ ریکارڈ توڑتے ہوئے طویل ترین تھرو کر کے کامیابی حاصل کی اور پاکستان کی 77 سالہ تاریخ میں پہلا انفرادی گولڈ میڈل حاصل کیا۔

اس تاریخ ساز مقابلے کو وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں براہ راست دیکھا۔ جیسے ہی ارشد ندیم نے طویل ترین تھرو کی اور ان کی فتح کا اعلان کیا گیا تو وزیراعظم بھی قومی جوش وجذبے میں بے خود ہوگئے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ہاتھ فضا میں بلند کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا اور اس کو پاکستان کی تاریخ کا ایک نیا سنگ میل قرار دیا۔

https://urdu.arynews.tv/president-and-prime-minister-congratulate-arshad-nadeem/