اسلام آباد : ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کے لئے اسپیشل جے آئی ٹی کل یواےای روانہ ہوگی، ٹیم ارشد شریف کے آخری دنوں کی ملاقاتوں اور رابطوں کی تفصیلات لے گی۔
تفصیلات کے مطابق ارشدشریف قتل کیس کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی اسپیشل جے آئی ٹی کل یواے ای روانہ ہوگی۔
یواے ای میں ایک ہفتے انکوائری کے بعد جے آئی ٹی کینیا جائے گی، اس دوران ٹیم ارشد شریف کےآخری دنوں کی ملاقاتوں اوررابطوں کی تفصیلات لے گی۔
کینیا میں جے آئی ٹی جائے وقوع کیساتھ وقار اور اس کے بھائی سے بھی پوچھ گچھ کرے گی۔
جے آئی ٹی کیلئے سفری اخراجات اورٹی اے ڈی مد میں ایک کروڑ روپے اسلام آباد پولیس نے ادا کئے، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر اویس احمد پانچ رکنی اسپیشل جے آئی ٹی کی سربراہی کررہے ہیں۔
ٹیم کے ساتھ مقدمے کے تفتیشی انسپکٹر محمد شہباز بھی یواے ای روانہ ہوں گے۔
یاد رہے سپریم کورٹ نے صحافی ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ حکومت کے لئے ٹیسٹ کیس ہے۔