ممبئی: معروف بالی وڈ اداکار ارشد وارثی نے فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کی تیسری قسط سے متعلق انکشاف کر کے مداحوں کا دل توڑ دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اداکار سنجے دت اور ارشد وارثی کی جوڑی کو پہلی دفعہ ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ جبکہ دوسری بار ’لگے رہو منا بھائی‘ میں کافی پسند کیا گیا۔ کامیڈی سے بھرپور ان فلموں کے ڈائیلاگ آج بھی مقبول ہیں۔
فرنچائز کی پہلی فلم میں ارشد وارثی نے ’سرکٹ‘ کا بہترین کردار نبھایا جو آج تک لوگوں کے ذہنوں میں ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین ’سرکٹ‘ کے کردار کو لے کر طرح طرح کے میمز بناتے ہیں۔
مداحوں کو فرنچائز کی تیسری قسط کا انتظار ہے اور ایسے میں ارشد وارثی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ایسا انکشاف کیا کہ ہر ایک مایوس ہوگیا۔ دراصل انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تیسری قسط کے آنے کے امکانات کم ہیں۔
انٹرویو میں ارشد وارثی نے کہا کہ ’ہو سکتا ہے ’منا بھائی 3‘ نہ آئے اور یہ بہت عجیب بات ہوگی۔ فلم کیلیے ہدایت کار، پروڈیوسر، اداکار اور دیکھنے کیلیے شائقین موجود ہیں لیکن اس پر فی الحال کوئی کام نہیں ہو رہا۔‘
اداکار نے کہا کہ راجکمار ہیرانی بہت زبردست ہدایتکار ہیں، ان کے پاس فلم کیلیے تین اسکرپٹ موجود ہیں لیکن ان میں ابھی کچھ خامیاں ہیں، جب تک وہ سو فیصد مطمئن نہیں ہو جاتے فلم پر کام شروع نہیں ہوگا۔
ارشد وارثی نے کہا کہ لیکن آپ جب بھی ان سے فلم کے بارے میں پوچھیں گے تو وہ کبھی انکار نہیں کریں گے، وہ یہی کہیں گے کہ اس پر کام چل رہا ہے، ایک بار اسکرپٹ مکمل ہو جائے پھر شوٹنگ شروع کریں گے۔