جب تک عثمان بزدارکو اسمبلی کی حمایت ہے کوئی نہیں ہٹا سکتا، گورنر پنجاب

لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ جب تک عثمان بزدارکو اسمبلی کی حمایت ہے کوئی نہیں ہٹا سکتا۔

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتحادیوں میں رنجشیں ہو جاتی ہیں یہ نئی بات نہیں ہے، جب تک عثمان بزدارکو اسمبلی کی حمایت ہے کوئی نہیں ہٹا سکتا۔

چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ ہمارے اپنے ارکان بھی ناراض ہوسکتےہیں، ناراضی کا احترام کرتے ہیں اور دور بھی کریں گے، جو عوام کے ووٹ لے کر آتا ہےعوام کی ان سے توقعات ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت منتخب ارکان،عوام کی توقعات پر پورا اترے گی، حکومت بھی کہہ رہی ہے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ گندم بحران میں کہیں کوتاہی ہوئی ہے، آئندہ ایسا نہیں ہونا چاہیے ذمہ دار اپنی ذمہ داریاں انجام دیں، اس طرح کے بحرانوں سے حکومت کی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کا نیا فارورڈ بلاک سامنے آگیا، فارورڈبلاک کے ارکان کی تعداد 30 کے قریب پہنچ گئی، فارورڈ بلاک میں جنوبی و وسطی پنجاب کے ارکان کی بڑی تعداد شامل ہے۔