پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور قومی سلیکشن کمیٹی کے موجودہ رکن اسد شفیق کو کراچی میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کا ڈائریکٹر مقرر کردیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسد شفیق اب قومی سلیکشن کمیٹی میں اپنی خدمات جاری رکھتے ہوئے اضافی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
اس سے قبل وہ پاکستان کی سلیکشن کمیٹی کے رکن کے طور پر کام کرچکے ہیں اور بعد میں انہیں خواتین کی سلیکشن کمیٹی میں تعینات کیا گیا تھا۔
خواتین کی سلیکشن کمیٹی میں سابق کرکٹر اسماویہ اقبال اور مرینہ اقبال شامل ہیں، عبدالرزاق اور اسد شفیق مردوں کی قومی سلیکشن کمیٹی کے ساتھ سابق کھلاڑی بتول فاطمہ بھی شامل ہیں۔
یہ کمیٹی پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے 25 اپریل 2024 کو بنائی تھی۔ اس سے قبل سلیم جعفر خواتین ٹیم کے چیف سلیکٹر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔
اسد شفیق نے 77 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 38.19 کی اوسط سے 4,660 رنز بنائے جس میں 12 سنچریاں اور 27 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
انہوں نے قومی ٹیم کے لیے 60 ایک روزہ بین الاقوامی (ون ڈے) اور 10 ٹی 20 بین الاقوامی میچوں میں بھی حصہ لیا۔
کراچی میں پیدا ہونے والے اسد شفیق نے دسمبر 2023 میں کراچی وائٹس کو قومی ٹی 20 ٹائٹل کی قیادت کرنے کے بعد پیشہ ورانہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
اپنے کیریئر کے دوران، شفیق 2010 سے 2020 تک پاکستان کی ٹیسٹ بیٹنگ لائن اپ کا ایک اہم مقام تھے۔ ان کا شاندار ڈومیسٹک کیریئر ہے جس میں 191 فرسٹ کلاس میچوں میں 12,000 سے زیادہ رنز اور 162 لسٹ اے میچوں میں 5,784 رنز شامل ہیں۔