مجھے ایک ہی محبت اپنی بیوی سے ہوئی، اسد صدیقی

اسد صدیقی

شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اسد صدیقی کا کہنا ہے کہ مجھے ایک ہی محبت اپنی بیوی زارا نور سے ہوئی ہے۔

اداکار اسد صدیقی نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں شرکت کی اور اس دوران نجی زندگی سمیت دیگر موضوعات پر اظہار خیال کیا۔

اسد صدیقی نے کہا کہ مجھے صرف ایک ہی محبت ہوئی اور وہ اپنی بیوی سے ہوئی جو باقی ہوا وہ محبت نہیں بلکہ زمانہ جاہلیت تھا۔

میزبان نے پوچھا کہ زمانہ جاہلیت کو انگلیوں پر گنا جائے تو گنتی سو سے اوپر ہے یا کم ہے؟

اداکار نے کہا کہ تعدادا سو سے کم ہی ہے تقریباً ففٹی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یکطرفہ محبت ہوتی ہے چاہے آپ کو ملے یا نہ ملے لیکن محبت قائم رہتی ہے۔

اسد صدیقی نے بتایا کہ ایک دوست کے گھر میں زارا نور کو پہلی بار دیکھا تھا تو ان کی شخصیت نے متاثر کیا تھا، زارا نے مجھے سلام کیا تو میں تھوڑا اٹک گیا تھا۔

اداکار نے بتایا کہ مجھے معلوم تھا کہ زارا اسما عباس کی بیٹی ہیں لیکن یہ علم نہیں تھا کہ وہ ٹی وی پر آتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دوسری ملاقات بھی دوست کے گھر پر ہوئی تھی جس میں ان سے نمبر مانگا تھا، جب زارا کو پروپوز کیا تو وہ ملائیشیا میں تھیں، زارا نے کہا والد والدہ کو رشتے کے لیے بھیجیں۔

اسد صدیقی نے کہا کہ زارا کے والد کو نہیں معلوم تھا کہ ہم رشتہ پکا کرنے آئے ہیں کیونکہ ہم مٹھائی لے کر گئے تھے۔

واضح رہے کہ اسد صدیقی اور زارا نور عباس 2017 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش رواں سال مارچ میں ہوئی جس کا نام انہوں نے ’نورِ جہاں‘ رکھا۔