سیالکوٹ : وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ بھٹو کے نام پر سندھ کو لوٹنے والوں کے دن ختم ہونے والے ہیں، پہلی بار پاکستان میں الیکشن ہوا ہے سلیکشن نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سانحہ ساہیوال سے متعلق اپنی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سانحہ ساہیوال اور ماڈل ٹاون کےحالات مختلف ہیں۔
ماڈل ٹاؤن واقعے میں اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف انصاف کے راستے میں رکاوٹ تھے جبکہ سانحہ ساہیوال میں فوری جے آئی ٹی بنائی گئی اور ذمہ داران کےخلاف فوری کارروائی کی گئی، انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر استعفیٰ انصاف کےتقاضوں کو پورا نہ کرنے پر مانگا گیا تھا، سانحہ متاثرین سالوں تک انصاف مانگتے رہے لیکن سانحہ ماڈل ٹاؤن واقعے کی ایف آئی آر تک نہیں کاٹی گئی بلکہ سانحہ میں ملوث افراد کو مزید ترقیاں دی گئیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے حالیہ بیان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ فکر نہ کریں یہ ملک کبھی نہیں ڈوبے گا، ذوالفقار علی بھٹو کے نام پر سندھ کو لوٹنے والوں کے دن اب جلد ختم ہونے والے ہیں، سندھ کو ڈبونے والوں کا احتساب ہو کر رہے گا، انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کا نام لیے بغیر کہا کہ اب جذباتی نعروں سے آپ بچنے والے نہیں ہیں۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ پہلی دفعہ پاکستان میں الیکشن ہوا ہے سلیکشن نہیں، پی ٹی آئی حکومت کے آنے سے پوری دُنیا کا اعتماد پاکستان پر بحال ہوا ہے۔
سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے رخ کر رہے ہیں، اعتماد کی وجہ سے ہی دوست ممالک کی طرف سے امداد مل رہی ہے، دوست ممالک کی جانب سے اب تک ڈیڑھ بلین ڈالر کی امداد ملی۔