اپوزیشن اس وقت تتر بتر ہے مولانا اس کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، اسد عمر

اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ اپوزیشن اس وقت تتر بتر ہے مولانا اس کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’پاور پلے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اپوزیشن کی سربراہی کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچا ہے، پاکستان نے کشمیر کاز پر آواز بلند کی لیکن آزادی مارچ کی وجہ سے توجہ منتقل ہوگئی۔

اسد عمر نے کہا کہ جے یو آئی (ف) ڈی چوک پر اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنا چاہتی تھی، ان سے مذاکرات کا دارومدار ڈی چوک پر تھا، امید ہے جے یو آئی (ف) انتظامیہ سے کیے گئے معاہدے کی پاسداری کرے گی، جید علما مارچ میں شامل ہیں وہ معاہدے کو سمجھتے ہوں گے۔

مزید پڑھیں: ملک کی ترقی کا دار و مدار انفارمیشن ٹیکنالوجی پر ہے: اسد عمر

ایک سوال کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ نواز شریف کو عمران خان کے ہاتھوں این آر او کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے، عمران خان کہتے ہیں این آر او نہیں دوں گا وہ درست کہتے ہیں۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ میرا ذاتی تجزیہ ہے کہ نواز شریف بیرون ملک نہیں جائیں گے، وہ سروسز اسپتال میں علاج سے مطمئن ہیں، نواز شریف سمجھتے ہیں کہ بیرون ملک گئے تو ان کی سیاست غرق ہوجائے گی۔

اسد عمر نے کہا کہ موجودہ کابینہ میں تین قسم کے لوگ موجود ہیں، کچھ ممبر ایسے ہیں جو صرف پی ٹی آئی کے ساتھ رہے ہیں، کچھ ایسے ممبر ہیں جو دوسری جماعتوں سے آئے ہیں، کچھ ایسے ہیں جو پہلی مرتبہ کابینہ کا حصہ بنے ہیں، پی ٹی آئی میں بہت سے لوگوں کی مختلف رائے ہے، کچھ لوگوں کے اقدامات سے پارٹی کو نقصان ہوتا ہے۔