پولیو کا خاتمہ ہمارے بچوں کا ہم پر حق ہے: آصفہ بھٹو

اسلام آباد: پولیو فری پاکستان کی سفیر آصفہ بھٹو کا کہنا ہے کہ پولیو کا خاتمہ ہمارے بچوں کا ہم پر حق ہے، پولیو ہمارے مستقبل کے لیے ایک خطرہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولیو فری پاکستان کی سفیر آصفہ بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے دکھا دیا ہے کہ پولیو کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے، لیکن اس کے لیے پورے معاشرے کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

آصفہ نے لکھا کہ یہ ہمارے بچوں کا ہم پر حق ہے۔

انہوں نے لکھا کہ آج پولیو کے خاتمے کے عالمی دن پر میں ان لاتعداد پولیو ورکرز کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی جو ہمارے بچوں کا مستقبل بچانے کے لیے انتھک کام کر رہے ہیں۔

آصفہ کا مزید کہنا تھا کہ پولیو ہمارے مستقبل کے لیے ایک خطرہ ہے اور ویکسین کے ذریعے اس خطرے سے بچا جاسکتا ہے۔