مارک ووڈ کی تباہ کن بولنگ، آسٹریلیا 263 رنز پر ڈھیر

مارک ووڈ

ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ انگلش فاسٹ بولر مارک ووڈ کی تباہ کن بولنگ کی بدولت آسٹریلوی ٹیم 263 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

لیڈز میں کھیلے جارہے ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز آسٹریلیا کی ٹیم 263 رنز پر ڈھیر ہوگئی، مچل مارش نے 118 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ مارک ووڈ نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ٹریوس ہیڈ 39 اور اسٹیو اسمتھ 22 رنز بناسکے، اوپنر ڈیوڈ وارنر 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عثمان خواجہ کو 13 رنز پر مارک ووڈ نے بولڈ کیا۔

الیکس کیری 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مچل اسٹارک کو 2 رنز پر مارک ووڈ نے بولڈ کیا جبکہ پیٹ کمنز بھی بغیر کوئی رن بنائے مارک ووڈ کا نشانہ بنے۔

انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کرس ووکس نے تین اور اسٹیورٹ براڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ نے پہلی اننگ میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 47 رنز بنالیے ہیں، زیک کرولی 26 اور جو روٹ 9 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

بین ڈکٹ 2 اور ہیری بروک 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، آسٹریلیا کی جانب سے دونوں وکٹیں کپتان پیٹ کمنز نے حاصل کیں۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کو پانچ میچز کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے۔