آسٹریلیا نے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی

ایشیز سیریز

ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے دی۔

برمنگھم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 273 رنز پر آل آؤٹ ہوئی اور 8 رنز کی لیڈ کے ساتھ آسٹریلیا کو جیت کے لیے 281 رنز کا ہدف دیا، مہمان ٹیم نے مطلوبہ ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر عثمان خواجہ نے 65 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، ڈیوڈ وارنر36، مارنوس لبوشین 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسٹیو اسمتھ 6، اسکاٹ بولینڈ 20 رنز بناسکے، ٹریوس ہیڈ کو 16 رنز پر معین علی نے آؤٹ کیا، کیمرون گرین 28 رنز پر روبنسن کا نشانہ بنے۔

کپتان پیٹ کمنز 44 اور اسپنر نیتھن لیون 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے اسٹیورٹ براڈ نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، روبنسن دو وکٹیں حاصل کرسکے۔

اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 273 رنز پر آل آؤٹ ہوئی تھی، جو روٹ اور ہیری بروک 46، 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے جبکہ کپتان بین اسٹوکس نے 43 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز اور نیتھن لیون نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں تھیں۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے پہلی اننگ 393 ربز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئرڈ کردی تھی جبکہ آسٹریلیا نے پہلی اننگ میں 386 رنز بنائے تھے۔