اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں شہباز شریف اور فواد حسن فواد کے خلاف اضافی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کرادیں۔
تفصیلات کے مطابق آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں شہبازشریف،فوادحسن فواد کے خلاف دائر ہونے والی اپیل پر نیب نے اضافی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کرادیئے۔
ذرائع کے مطابق دستاویزات میں شہبازشریف کے فیصلوں کی تفصیلات جبکہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کےاخباری اشتہاروں کی بھی تفصیل شامل ہے۔
مزید پڑھیں: آشیانہ اقبال ریفرنس: شہباز شریف کے خلاف گواہوں کی فہرست تیار
ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی جانے والی دستاویزات 2 جلدوں پر مشتمل ہے، اضافی دستاویزات میں آشیانہ ریفرنس کی کاپی بھی شامل ہے۔
یاد رہے کہ نیب نے 21 نومبر 2018 کو آشیانہ اقبال اسکینڈل کے حوالے سے ریفرنس تیار کیا تھا، شہباز شریف پر الزام ہے کہ انھوں نے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے منظور نظر افراد کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی، اور بہ حیثیت وزیرِ اعلیٰ غیر قانونی طور پر پی ایل ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی طاقت کا غیر قانونی استعمال کیا تھا۔ اسکینڈل میں نیب کی جانب سے شہباز شریف کے خلاف گواہوں کی فہرست بھی تیار کر لی گئی ہے، گواہان کی فہرست 29 گواہان پر مشتمل ہے۔