ایشیا کپ میں بھارت پاکستان سے کھیلے گا یا نہیں؟

ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے پر بھارتی حکومت نے گیند بی سی سی آئی کے کورٹ میں ڈال دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان سے کھیلنے کا فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو کرنا ہے۔

وزارت کھیل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک بی سی سی آئی وزارت کھیل کے ماتحت نہیں ہے، اب جو فیصلہ ہوگا وہ بی سی سی آئی کا ہوگا۔

ایشیا کپ کا انعقاد 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہوگا جو اس سال ٹی 20 فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔

گزشتہ دنوں سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے کہا تھا کہ ہم دہشتگردی کے خلاف ہیں، لیکن کھیلوں کا سلسلہ نہیں رکنا چاہیے۔ کھیل کو جاری رہنا چاہیے۔

سابق بھارتی کپتان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کا ایک ہی گروپ میں ہونا ٹھیک ہے اور مجھے انڈیا کے ایشیا کپ میں پاکستان سے کھیلنے پر کوئی مسئلہ نظر نہیں آتا۔

واضح رہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے ٹیم انڈیا کو پاکستان سے کھیلنے کی اجازت ملنے کے بعد گزشتہ روز ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے ایشیا کپ 2025 کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔