ایشیا کپ 2025 کی ٹکٹس سے متعلق اہم اعلان

ایشیا کپ 2025 کی ٹکٹس سے متعلق اہم اعلان

دبئی(29 اگست 2025): ایمریٹس کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ 2025 کے ٹکٹ کی دستیابی سے متعلق اہم اپ ڈیٹ سامنے آگئی ہے۔

ایمریٹس کرکٹ بورڈ نے اپنی ویب سائٹ پر اعلان کیا ہے کہ ایشیا کپ 2025 کے میچز کے ٹکٹس آج 29 اگست کو یو اے ای کی مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے سے دستیاب ہوں گے، ٹکٹس کی قیمت ابوظہبی کے میچوں کے لیے 40 درہم اور دبئی کے میچوں کے لیے 50 درہم رکھی گئی ہے۔

پاکستان اور بھارت میچ کی ٹکٹ سمیت سات میچوں کے ٹکٹ کا ایک پیکج بنایا گیا ہے، اس پیکج کی قیمت 1,400 درہم سے شروع ہوگی، اس کے علاوہ شائقین باقی میچوں کے لیے الگ ٹکٹس بھی خرید سکتے ہیں۔

ایمریٹس بورڈ کے مطابق ٹکٹس پلاٹینم لسٹ ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گے، اس کے علاوہ کچھ دنوں میں دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم اور ابوظہبی کے زید کرکٹ اسٹیڈیم کے ٹکٹ دفاتر پر بھی ٹکٹس دستیاب ہوں گے جس کی تفصیلات جلد جاری کی جائے گی۔

خیال رہے کہ مینز ایشیا کپ 9 ستمبر سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں شیڈول ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول ایونٹ کا ہائی وولٹیج مقابلہ 14 ستمبر کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ایشیائی ٹورنامنٹ کے 19 میچز میں سے 12 کی میزبانی دبئی کرکٹ اسٹیڈیم کرےگا جب کہ 7 میچز ابو ظبی کے میدان میں کھیلے جائیں گے، سپر فور مرحلہ اور 28 ستمبر کو فائنل مقابلہ بھی دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے تینوں میچز دبئی اسٹیڈیم میں ہوں گے، قومی ٹیم 12 ستمبر کو پہلے میچ میں عمان کا سامنا کرے گی، شاہینوں کا دوسرا مقابلہ 14 ستمبر کو بھارت کے خلاف ہوگا، تیسرے میچ میں گرین شرٹس 17 ستمبر کو یو اے ای کیخلاف میدان میں اُتریں گے۔