پاکستان، سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیمیں کل دوپہر چارٹرڈ طیارے سےکولمبو روانہ ہوں گی۔
خصوصی طیارے میں براڈ کاسٹرز اور دیگر حکام بھی جائیں گے۔ ایشین کرکٹ کونسل سپرفور کے میچز کولمبو میں ہی کرانے پر قائم ہے۔
کولمبو جہاں فائنل سمیت سپر فور مرحلے کے 6 میچز شیڈول ہیں لنکن دارالحکومت کے شدید بارشوں کی زد میں ہونے کے باعث گزشتہ روز اے سی سی نے یہ میچز کولمبو سے ہمبنٹوٹا منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
تاہم ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ جو بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیدار ہونے کے ساتھ ساتھ بی جے پی وزیر امیت شاہ کے بیٹے بھی نے من مانی اور روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام میچز کولمبو میں ہی کرانے کا یکطرفہ فیصلہ کیا ہے جس سے میچز متاثر ہونے اور ایونٹ کا مزا کرکرا ہونے کا اندیشہ ہے۔
منگل کی صبح پی سی بی کو سری لنکن بورڈ نے مطلع کیا تھا کہ بارش کے باعث کولمبو سے میچز منتقل کر دیے گئے ہیں اور اب سپر فور کے میچ ہمبنٹوٹا میں ہوں گے جس کی تیاری کر لی ہے اور براڈ کاسٹ کٹ بھی ہمبنٹوٹا پہنچ گئی ہے۔
تاہم سری لنکا بورڈ کے اس اعلان کے صرف 27 منٹ بعد ہی ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ای میل کی گئی جس میں میچز کولمبو میں ہی کرانے کا اعلان کیا گیا اور کہا گیا کہ موسم ٹھیک ہے۔
پی سی بی نے ایشین کرکٹ کونسل کے اس فیصلے پر سخت رد عمل دیتے ہوئے جوابی ای میل کر دی اور مطالبہ کیا کہ یکطرفہ فیصلہ نہیں مانتے، اے سی سی کے ممبر بورڈز کا اجلاس بلایا جائے اور اس میں فیصلہ کیا جائے۔
پی سی بی کے اصرار کے باوجود اے سی سی ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس نہ ہوسکا۔ پی سی بی کا اے سی سی کے صدر جے شاہ کو لکھا گیا خط بھی منظرپر آگیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بارشوں سے میچ متاثر ہونے پر گیٹ منی سمیت خسارے کا ازالہ کرنا چاہیے۔