پاکستان کرکٹ بورڈ کے متوقع نئے چیئرمین ذکا اشرف کے ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ مخالف بیان پر ایشین کرکٹ کونسل کا ردعمل آگیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ذکا اشرف کے ہائبرڈ ماڈل پر تحفظات کو مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ کچھ بھی کہیں ہائبرڈ ماڈل منظور ہوچکا ہے اور ایشیا کل اسی ماڈل پر ہوگا۔
ایشین کرکٹ کونسل کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی بورڈ کو پاکستان کی جانب سے دیے گئے اس ہائبرڈ ماڈل پر بڑی مشکل سے راضی کیا تھا۔
واضح رہے کہ ذکا اشرف جو نئے پی سی بی چیئرمین کے سب سے مضبوط امیدوار ہیں۔ انہوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا تھا کہ وہ ایشیا کپ کے ہائبرڈ ماڈل سے متفق نہیں ہیں۔ میزبان پاکستان ہے لیکن ایونٹ کے اہم مقابلے سری لنکا جب کہ نیپال اور بھوٹان کے میچز پاکستان میں ہونا زیادتی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے اور پاکستان کرکٹ کیلئے جو بہتر ہوگا وہ ہی کریں گے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ نجم سیٹھی کے پیش کردہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت رواں سال اگست اور ستمبر میں پاکستان اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔