نئی دہلی : بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے اپنی ٹیمیں چین میں ہونے والے ایشین گیمز2023 کیلئے بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے مرد و خواتین دونوں ٹیمیں ایشین گیمز 2023 کیلئے بھیجنے سے انکار کیا ہے۔ ایشین گیمز میں کرکٹ کے ٹی20 میچز 23 ستمبر سے چین کے شہر ہینگ زو میں شیڈول ہیں۔
بھارت کے ایشین گیمز کیلئے چیف مِشن نے کرکٹ ٹیموں کی عدم شرکت کی تصدیق کردی ہے جبکہ انڈین اولمپک ایسوسی ایشن کے رابطہ کرنے پر بورڈ کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کرکٹ کے علاوہ ایشین گیمز کے تمام مقابلوں میں حصہ لے گا، مردو خواتین کی کرکٹ ٹیمیں ایشین گیمز میں حصہ نہیں لیں گی، بھارتی بورڈ کے مطابق ٹیموں کی پیشگی مصروفیات کے باعث ایونٹ میں حصہ لینا ممکن نہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین اولمپک ایسوسی ایشن نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے تین چار بار رابطہ کیا لیکن انٹریز کے موقع پر انکارکر دیا گیا۔
قبل ازیں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سربراہ جے شاہ نے ایشیاءکپ 2023 کیلئے بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا۔ جس کے جواب میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے موقف اپنایا کہ اگر بھارتی ٹیم ایشیاءکپ کیلئے پاکستان نہیں آتی تو ورلڈکپ 2023 کیلئے پاکستان کی ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔