ایشین گیمز، پاکستان اور بھارت ویمنز ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئیں

ایشین گیمز میں پاکستان اور بھارت کی ویمنز ٹیموں نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے آج آخری کوارٹر فائنل کے بعد فائنل فور کی لائن اپ مکمل ہو جائے گی۔

چین کے شہر ہانگزو میں کھیلے جا رہے ایشین گیمز میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت اپنے اپنے کوارٹر فائنل جیت کر سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں جبکہ دو کوارٹر فائنلز آج (جمعہ) کھیلے جائیں گے، جس میں سری لنکا کا مقابلہ تھائی لینڈ سے جبکہ بنگلادیش کی ٹیم ہانگ کانگ سے مقابلہ کرے گی۔ میچز کے نتائج کے بعد فائنل فور لائن اپ مکمل ہو جائے گی۔

گزشتہ روز پہلا کوارٹر بھارت اور ملائیشیا کے درمیان کھیلا گیا جو بارش کی نذر ہوگیا۔ انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دو وکٹوں پر 173 رنز بنائے لیکن انڈین ٹیم بارش کے باعث اپنے مقررہ 20 اوورز میں سے صرف 15 اوورز ہی کھیل سکی۔ جواب میں ملائیشیا کی بلے بازی شروع ہی ہوئی تھی کہ بارش پھر واپس آ گئی اور میچ کو بے نتیجہ ختم کر دیا گیا۔

دوسرے کوارٹر پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تھا جس میں بارش کے باعث ایک گیند بھی نہ پھینکی جا سکی اور گرین شرٹس کو فتح مل گئی۔

پاکستان بھارت کو اپنے حریفوں پر عالمی رینکنگ میں برتری کے باعث اگلے مرحلے کا ٹکٹ مل گیا۔

سیمی فائنل مقابلے کل کھیلے جائیں گے۔ آج کے بقیہ دو کوارٹر فائنل نتائج کے بعد فائنل فور لائن اپ مکمل ہوگی۔ بنگلہ دیش کی ہانگ کانگ پر فتح کی صورت میں بھارت اور بنگلہ دیش سیمی فائنل میں ٹکرائیں گے جب کہ پاکستان کا مقابلہ سری لنکا سے ہونے کا امکان ہے۔