ایشین گیمز میں پاکستان کو روایتی حریف بھارت سے ایک ہی دن دو کھیلوں کے مقابلوں میں شکست کی حزیمت اٹھانی پڑی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چین میں کھیلے جا رہے ایشین گیمز میں پاکستان کو ایک ہی دن میں بھارت نے دو مقابلوں میں شکست دے دی۔ پہلے اسکواش ایونٹ کے فائنل میں گرین شرٹس کو دو ایک سے ناکامی ہوئی۔ ابھی اس ہار کا غم کم نہیں ہوا تھا کہ قومی کھیل ہاکی میں دس دو کی بدترین شکست کا سامنا ہوگیا۔
ایشین گیمز میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے تاہم ہاکی میں مسلسل تین فتوحات اور اسکواش کے فائنل مقابلے میں رسائی سے پاکستانی شائقین کھیل کی امیدیں پھر سے روشن ہوئی تھیں جو ہفتے کے روز اس وقت بجھ گئیں جب قومی کھیل میں گرین شرٹس کو روایتی حریف سے دو کے مقابلے میں 10 گولوں کی شرمناک شکست ہوئی پھر اسکواش فائنل میں بھی ناکامی ہی ہاتھ آئی یوں ایشین گیمز 2023 کا پہلا گولڈ میڈل حاصل کرنے کا سنہری موقع بھی ہاتھ سے نکل گیا۔
اسکواش کے فائنل میں بھارت نے تین سیٹس میں سے دو سیٹس جیت کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔
ابھی یہ غم تازہ تھا کہ قومی کھیل کی زبوں حالی ایشین گیمز میں بھی نظر آئی جب مسلسل تین فتوحات حاصل کرکے قوم کی امیدیں بڑھانے والی پاکستانی ہاکی ٹیم کا ڈیفنس بھارت کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوا۔ بلیو شرٹس نے ایک دو نہیں بلکہ 10 گول داغے، ہرمن پریت سنگھ نے 4 گول اسکور کیے
جب کہ مقابلے میں قومی کھلاڑی صرف دو بار گیند کو مخالف گول پوسٹ میں پہنچانے کی جسارت کر سکے یوں ایک اور بدترین ناکامی قومی کھیل کا مقدر ٹھہری۔