ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان

ایشین ہاکی

بھارت میں ہونے والی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔

ایشین ہاکی فیڈریشن نے ایشین چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 9 اگست کو مدمقابل آئیں گی۔

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 3 سے 12 اگست تک چنائی میں کھیلی جائے گی۔

چیمپئنز ٹرافی میں تمام ٹیمیں سنگل لیگ کی بنیاد پر میچز کھیلیں گی جبکہ پاکستان اپنا پہلا میچ تین اگست کو ملائیشیا کے ساتھ کھیلے گا۔

اس ایونٹ میں صرف 6 ٹیمیں حصہ لیںگی،بھارت، پاکستان، جنوبی کوریا، ملائیشیا، جاپان اور چین اس ایونٹ میں شامل ہیں، ہر ٹیم پانچ میچ کھیلے گی۔

دوسرے میچ میں پاکستان کا4 اگست کو جنوبی کوریا سے مقابلہ ہوگا، تیسرے میچ میں 6 اگست کو پاکستان جاپان سے ٹکرائے گااور 7 اگست کو پاکستان کا مقابلہ چین سے ہوگا۔

پاکستان اس ایونٹ میں اپنا آخری پول میچ 9 اگست کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا، سیمی فائنل ، پانچویں،چھٹی پوزیشن کا میچ 11 اگست اور فائنل 12 اگست کو کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت اس سے پہلے تین تین بار ایونٹ جیت چکے ہیں جبکہ آخری ٹائٹل جنوبی کوریا نے 2021 میں جیتا تھا۔